لکھنؤ : اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کے عید گاہ نہ جانے کی وجہ سے آج برسوں پرانی روایت ٹوٹ گئی۔ عید کے موقع پر وزرائے اعلی کے عیش باغ عید گاہ جانے کی روایت رہی ہے لیکن مسٹر یوگی کے وہاں نہ جانے کی وجہ سے یہ روایت ٹوٹ گئی۔
اگرچہ گورنر رام نائک، نائب وزیر اعلی ڈاکٹر دنیش شرما اور سماج وادی پارٹی صدر اور سابق وزیر اعلی اکھلیش یادو نے عید گاہ جاکر لوگوں کو عید کی مبارک باد دی اور لوگوں سے ملاقات کی۔
وزیر اعلی کی سرکاری رہائش گاہ پر رمضان المبارک کے دوران افطار پارٹی دیئے جانے کی بھی روایت کو یوگی آدتیہ ناتھ نے توڑی۔ روایت کے مطابق رمضان المبارک میں ایک دن وزیر اعلی کی جانب سے افطار پارٹی دی جاتی تھی لیکن اس بار وہ پارٹی نہیں ہوئی۔ وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ راج بھون میں گزشتہ 23 جون کو منعقدہ افطار پارٹی میں بھی شامل نہیں ہوئے تھے لیکن ان کے نمائندے کے طور پر نائب وزیر اعلی ڈاکٹر دنیش شرما اور کئی وزیر راج بھون افطار پارٹی میں شرکت کی تھی۔